ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی: گم شدہ ہوٹل مالک بھاسکر شیٹی کا قتل۔۔ ۔بیٹے کا اقبال جرم

اُڈپی: گم شدہ ہوٹل مالک بھاسکر شیٹی کا قتل۔۔ ۔بیٹے کا اقبال جرم

Sat, 06 Aug 2016 14:22:33  SO Admin   S.O. News Service

اڈپی 6 اگست(ایس او نیوز) کچھ دنوں سے لاپتہ دُرگاہ انٹرنیشنل ہوٹل اڈپی کے مالک بھاسکر شیٹی کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کا قتل کرکے لاش کوجلادیا گیا اور اس کی راکھ کیرالہ کے ایک نالے میں بہا دی گئی ہے۔

 یاد رہے کہ 28جولائی سے بھاسکر کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ پولیس میں درج کی گئی تھی اور اس کی ماں نے الزام لگایا تھا کہ بھاسکر شیٹی کی بیوی اور بیٹے نے اس کا اغوا کر لیا ہے۔ پولیس نے بھاسکر کی بیوی راجیشور ی اور اس کے بیٹے نونیت کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کی تھی۔

 پولیس کے بیان کے مطابق نونیت نے تفتیش کے دوران بتایا کہ 28جولائی کو اس نے اپنی ماں اور نرنجن بھٹ نامی ایک پنڈت کے ساتھ مل کر بھاسکر کا قتل کرڈالا۔ پھر وہ لوگ اس کی لاش کو کارکلا میں نندالیکے نامی مقام پر لے گئے۔ وہاں پر ہوما کرنے کے بعد اس کی لاش جلادی گئی۔ نونیت کے مطابق لاش آدھی جلنے تک وہ وہاں پر رہے اور اس کے بعد وہاں سے لوٹ آئے۔ اس کے علاوہ لاش جلنے کے بعد اس کی راکھ وہاں ایک نالے میں بہادی گئی۔ ساتھ ہی وہ تما م سامان جس میں ہوما کرنے کے لئے استعمال کی گئی ٹائلس بھی تھیں، وہ سب جُوٹ کے 25تھیلوں میں بھر کر نالے میں بہادیا گیا ۔پتہ چلا ہے کہ نونیت کے بیان کی روشنی میں پولیس نے تلاشی کے بعد ایسے 10تھیلے برآمد کرلئے ہیں۔پولیس اب نرنجن بھٹ کی تلاش میں سرگرداں ہے۔

 بھاسکر شیٹی کا اڈپی میں درگاہ انٹرنیشنل ہوٹل کے علاوہ سعودی عربیہ میں بھی کاروبار تھا۔ ہوٹل کا روبار اس کی بیوی راجیشوری دیکھ رہی تھی۔ لیکن جب بھاسکر کو پتہ چلا کہ اس کی بیوی ہوٹل میں بہت زیادہ مالی گھپلے کررہی ہے تو وہ سعودی سے واپس آکر یہاں رہنے لگا۔ حساب وکتاب کو لے کر میاں بیوی میں تنازعہ بڑا تو راجیشوری اور بیٹے نونیت نے ایک موقع پر بھاسکرپر حملہ کردیاتھا۔ جس کے بعد اپنی جان کے خوف سے بھاسکر ہوٹل میں ہی رہنے لگاتھا اور صرف صبح کے وقت نہانے اور کپڑے بدلنے کے لئے اپنے گھر جایا کرتا تھا۔ اسی دوران وہ گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا۔اور بالآخر اب یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ خود اس کی بیوی اوربیٹے نے اس کا کام تمام کردیا ہے۔ 


Share: